نئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے انتخاب سے قبل پاکستان تحریک انصاف کا فارورڈ گروپ سامنے آگیا ہے جو سابق وزیر صحت گلبر خان نے بنایا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز جعلی ڈگری کیس میں پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ خالد خورشید کے نا اہل ہونے کے بعد نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے لیکن انتخاب سے کچھ دیر قبل ہی تحریک انصاف کا فارورڈ گروپ سامنے آگیا ہے اس گروپ کی قیادت سابق وزیر صحت جی بی حاجی گلبر خان کر رہے ہیں۔
حاجی گلبر خان نے سات سے 8 منحرف اراکین کی حمایت کا دعویٰ کیا ہے۔
رہنما فاروڈ گروپ نے اس موقع پر 9 مئی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت اور دیامر کے عوام کا افواج پاکستان کے ساتھ ہمیشہ سے گہرا تعلق رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جعلی ڈگری کیس میں وزیراعلیٰ جی بی خالد خورشید کو نا اہل قرار دیا تھا جس کے بعد نئے وزیر اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راجا اعظم، ن لیگ کی جانب سے انجینئر محمد انور کے علاوہ امجد ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر راجا اعظم کو وزیراعلیٰ منتخب کرانے کی کوشش کرے گی۔