لاہور: بادامی باغ میں دو بھائیوں کے درمیاں جائیداد کا تنازع شدت اختیار کرنے پر بھائی بھائی کا دشمن بن گیا، تاہم پولیس نے احسن طریقے سے دونوں بھائیوں کے درمیان صلح کروا دی۔
بادامی باغ لاہور میں بیرون ملک سے آئے بھائی کی جانب سے جائیداد کا حصہ مانگنے پر دونوں بھائی آپس میں لڑ پڑے، جائیداد کا تنازع شدت اختیار کرنے پر بھائی بھائی کا دشمن بن گیا اور بات تھانے تک پہنچ گئی، تاہم پولیس نے احسن طریقے سے دونوں کے درمیان صلح کروا دی۔
پردیس سے واپس پاکستان آنے والے بھائی نے حصے کا تقاضہ سامنے رکھا تو، دونوں بھائیوں کے درمیان بات مرنے مارنے تک آ گئی، نقص امن کا خطرہ دیکھتے ہوئے بادامی باغ پولیس دونوں بھائیوں کو تھانے لے آئی۔
پولیس حکام نے دونوں بھائیوں کو سمجھایا اور مفاہمت کی طرف راغب کیا، پولیس کے سمجھانے پر دونوں بھائی گلے لگ گئے اور صلح کرلی جب کہ اس موقع پر ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔
ایس ایچ او بادامی باغ کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے اور خدمت کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔