لندن کے علاقے ومبلڈن میں قائم پرائمری اسکول کے باہر پیش آئے افسوسناک واقعے کے نتیجے میں 8 سالہ بچی ہلاک ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ومبلڈن میں ایک مشتبہ خاتون نے پرائمری اسکول کی عمارت سے اپنی گاڑی ٹکرا دی جس سے 8 سالہ بچی ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعہ جمعرات کی علی الصبح پیش آیا جب بچے اسکول کے اردگرد بڑی تعداد میں موجود تھے۔
میٹروپولیٹن پولیس نے بچی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی تیز رفتاری کے ساتھ اسکول کی عمارت سے ٹکرائی، یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے اور بچی کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
پولیس کے مطابق خاتون ڈرائیور کو موقع سے گرفتار کرلیا جبکہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کر رہے ہیں، مشتبہ خاتون سے تفتیش کی جائے گی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر 15 ایمبولینس روانہ کی گئیں، 16 زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 10 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔