ٹھٹھہ میں کراچی پولیس کی موبائل کے ذریعے ممنوعہ اشیاء گٹکا اور ماوا سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی جس میں تین اہلکار ملوث پائے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس وین سے ممنوعہ اشیاء کے 500 پیکٹ برآمد ہوئے جنہیں قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی میں 3 پولیس اہلکار اور گٹکا و ماوا سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ دھابیجی نے نیشنل ہائی وے پر دوران گشت کارروائی کی، حراست میں لیے گئے اہلکاروں کے نام حشمت رحیم خان بنگش، عاشق علی جوکھیو اور فیصل کشمیری ہیں جبکہ سپلائی کرنے والے ملزم کا نام عزیز بابڑا بتایا گیا ہے۔
ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل حسین چانڈیو نے بتایا کہ کارروائی آج کی گئی، پولیس وین ایس ایس یو یونٹ ملیر کی ہے۔
دھابیجی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی۔
گزشتہ روز کراچی میں پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والے گینگ کو دھر لیا گیا تھا۔ لوٹ مار میں انچارج سی ٹی ڈی سول لائینز ملوث تھا جسے گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا تھا کہ گارڈن ہیڈ کوارٹرز کے قریب چھاپے میں پانچ سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں گودام کا مالک، ملازم اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان کئی ماہ سے کوکنگ آئل لوٹنے کی وارداتیں کرتے تھے، گزشتہ روز سیکٹر 5 جی نیو کراچی سے پولیس موبائل نے سوزوکی چھینی، پولیس موبائل میں 6 مسلح پولیس اہلکار موجود تھے۔
سوزوکی میں ٹریکر کی مدد سے گارڈن کے علاقے میں کارروائی کی گئی۔ دکان کے باہر سوزوکی مال سمیت موجود تھی کہ پولیس نے 4 ملزمان عثمان، عبد الواحد، واصف اور سعد کو رنگے ہاتھوں پکڑا۔ ملزم سعد نے بھاگنے والے شخص کا نام ارسلان بتایا۔
انسپکٹر ظفر اقبال نے بتایا کہ تیل اور گھی چوری کی ہیں اور ظفر اقبال نے گارنٹی دی مارکیٹ سے سستا تیل آپ کو فروخت کر رہے ہیں، مفرور ملزم ارسلان انسپکٹر ظفر اقبال کا گن مین اور رشتے دار ہے جبکہ گینگ میں دیگر سی ٹی ڈی اہلکار بھی ملوث ہیں۔