اسلام آباد : گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ الیکشن کرانےکی ضرورت ہی نہیں، قرعہ اندازی کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی رکن قومی اسمبلی سائرہ بانو نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنگل کا بھی قانون ہے شیر کا پیٹ بھرجاتا ہے تو شکار نہیں کرتا لیکن یہاں نہیں، کس کونہیں پتہ کہ ہم کس طرف جارہے ہیں۔
سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ الیکشن کاانحصارموجودہ حکومت پرہی ہے،یہ کرائیں گے تو ہو جائیں گے، الیکشن ہوبھی جائیں توکون مانے گا،یہ توآپس میں دست وگریباں ہوں گے۔
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے لاہورمیں جھنڈے لگانے پر ن لیگ پراعتراض تھا، الیکشن کرانےکی ضرورت ہی نہیں،قرعہ اندازی کرلیں۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان واپس آتے ہوئے نظرنہیں آرہے، ان کے لیے ترازو کے پلڑےبرابر تو کردیئے گئے ہیں، نوازشریف کیلئے اور کیا کریں کہ وہ وطن واپس آجائیں۔