منا بھائی ایم بی بی ایس کے مشہور کردار سنجے دت (منا بھائی) اور سرکٹ (ارشد وارثی) برسوں بعد پھر اکٹھا ہوگئے ہیں مگر یہ ساتھ منا بھائی فلم سیریز کے لیے نہیں ہے۔
سال 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس کو 20 سال گزر گئے لیکن اس سے مشہور کردار منا بھائی اور سرکٹ شائقین فلم کے ذہن سے ابھی تک محو نہیں ہوئے ہیں اور فلم کے ڈائیلاگ تک لوگوں کو تاحال ازبر ہیں۔ اس فلم کے یہ دونوں مشہور کردار اب کئی سالوں بعد دوبارہ اکٹھا ہوگئے ہیں لیکن زیادہ خوش فہم نہ ہوں کیونکہ دونوں اداکاروں کا ساتھ منا بھائی فلم سیریز کے تیسرے سیکوئل کے لیے نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سنجے دت اور ارشد وارثی جنہوں نے 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم منا بھائی ایم بی بی ایس اور پھر 2006 میں اس کے سیکوئل لگے رہو منا بھائی میں بالترتیب ’’مُنّا اور سرکٹ‘‘ کے شہرہ آفاق کردار ادا کیے تھے جس کے بعد شائقین فلم کو اس کے تیسرے سیکوئل کا شدت سے انتظار ہے جو 17 برس گزر جانے کے بعد بھی پورا نہیں ہوا تاہم اب دونوں اداکارہ ایک بار پھر اکٹھے ہوئے ہیں لیکن یہ ساتھ کسی فلم کے لیے نہیں بلکہ ایک اشتہار کے لیے ہے۔
حال ہی میں سنجے دت اور ارشد وارثی کو ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے دوبارہ اکٹھے ہوئے۔ دونوں اداکاروں نے کیمرے کو کندھے سے کندھا ملا کر پوز دیا۔ اشتہار کی شوٹنگ کے لیے، سنجے نے ایک پرنٹ شدہ ٹی شرٹ پہنی تھی جب کہ ارشد نے سیاہ لباس کا انتخاب کیا۔
اشتہار کے آغاز میں سنجے دت کو ایک دروازہ کھولتے ہوئے دکھایا گیا جس کے ساتھ ہی وہ انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’ارشد‘‘ تو دوسری جانب سے ان کے دیرینہ ساتھی ارشد وارثی بھی پرجوش انداز میں سنجو کہتے ہیں اور ایک دوسرے سے پرانی یادیں تازہ کرتے ہیں۔
اس اشتہار نے دونوں اداکاروں کے مداحوں کے دل جیت لیے اور انہیں سپر ہٹ منا بھائی سیریز کے مشہور مناظر کی یاد دلا دی۔ تاہم اکثر مداح انہیں مختصر اشتہار میں دیکھ کر مایوس بھی ہوئے اور انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر دونوں کو فلم میں دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ جلد منا بھائی فرنچائز کا تیسرا سیکوئل آئے۔