بدھ, جنوری 8, 2025
اشتہار

وہ کون تھا جس نے کئی سال تک امیتابھ بچن کا بائیکاٹ کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

لیجنڈ بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے دنیا بھر میں کروڑوں چاہنے والے ہیں لیکن کیا آپ کو پتہ ہے کہ اس لیجنڈ اداکار کا بھارتی میڈیا سے کئی سال تک بائیکاٹ کیا تھا۔

بھارتی فلموں کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو فلم انڈسٹری میں 50 برس سے زائد وقت گزر گیا لیکن آج بھی ان کے چاہنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہے جو صرف بھارت ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بستے ہیں۔ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جہاں پرستار بے چین رہتے ہیں وہیں ان کی ایک تصویر اور خبر شائع کرنے کے لیے پورا بھارتی میڈیا بھی آگے سے آگے رہتا ہے۔

تاہم امیتابھ بچن کی زندگی میں ایک طویل وقت ایسا بھی آیا تھا جب اسی اداکار کا بھارتی میڈیا نے ہی بائیکاٹ کیا تھا جو ایک یا دو سال نہیں بلکہ کئی سال تک جاری رہا تھا جس کے حوالے سے لیجنڈ اداکار نے اپنے ایک بلاگ میں خود بتایا۔

- Advertisement -

بھارتی میڈیا کے مطابق امیتابھ بچن نے گزشتہ دنوں اپنی ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ ان کے فلمی کیریئر میں ایسا وقت بھی آیا جب میڈیا نہ صرف انہیں مکمل طور پر نظر انداز کرتا تھا بلکہ ان کی تصویر کھینچنا بھی پسند نہیں کرتے تھا اور یہ دور ان کی گمنامی کا نہیں بلکہ شہرت سے بھرپور وہ دور تھا جب وہ دیوار، زنجیر اور شعلے جیسی سپر کلاسک بلاک بسٹر فلمیں انڈین سینما کو دے چکے تھے۔

امیتابھ سے اپنے میڈیا بائیکاٹ سے متعلق واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنے بلاگ میں بتایا کہ جب اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے 1975 میں ایمرجنسی نافذ کی تو پریس پر بھی پابندیاں عائد کیں۔ فلمی میڈیا یہ سمجھتا تھا کہ ذرائع ابلاغ پر عائد پابندیوں کا ذمے دار میں بھی ہوں لہذا میڈیا نے میری خبروں، تصاویر اور انٹرویوز کا مکمل بائیکاٹ کر دیا۔

امیتابھ بچن نے بتایا کہ جب بھی وہ کسی فنکشن یا فلم کے پریمیئر میں شرکت کرتے تو فوٹو گرافر احتجاجاً اپنے کیمرے نیچے رکھ دیتے تھے بلکہ کبھی کبھار تو ان کا نام بھی فلم کے کریڈیٹس میں شامل نہیں کیا جاتا تھا۔

اس حوالے سے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے بتایا کہ جب اس غیر اعلانیہ بائیکاٹ کے دوران بہترین اداکار کا ایوارڈ سنجیو کمار کو فلم ’آندھی‘ کے لیے دیا گیا تو اپنے حریف اداکار کو یہ ٹرافی دینے کے لیے امیتابھ بچن کو سٹیج پر بلایا گیا۔ اس وقت کے بہت سارے مبصرین اور میڈیا اداروں نے بتایا تھا کہ یہ حرکت مجھے شرمندہ کرنے کے لیے کی گئی تھی۔

بالی ووڈ شہنشاہ نے بتایا کہ میڈیا کا ان کی طرف مخاصمانہ رویہ 15 سال تک برقرار رہا جو صرف تب ہی ختم ہوا جب وہ ایک مہلک حادثے کا شکار ہوئے۔ یہ حادثہ انہیں فلم قلی کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا جس پر ایک نامور میگزین نے ان سے متعلق ہمدردانہ کالم لکھا جس پر بقول امیتابھ انہیں خود بہت حیرت ہوئی تھی۔ جب وہ صحت یاب ہوئے تو وہ میگزین کے ایڈیٹر سے ملنے گئے اور انہوں نے بتایا کہ میڈیا انہیں (امیتابھ) کو ناکام کرنا چاہتا تھا لیکن ان کی موت نہیں چاہتا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں