امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے متنازع مردم شماری کے نتائج پر وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھنے کا اعلان کر دیا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پہلے کراچی کی درست مردم شماری و حلقہ بندیاں اور پھر الیکشن ہوں، ایسا نہیں ہو سکتا کہ تاخیر کر کے پرانی مردم شماری پر الیکشن کروا دیے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ مردم شماری کے نتائج جاری نہیں کریں گے، 2 سال گزر گئے لیکن اب تک مرم شماری مکمل نہیں ہوئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری مکمل کریں، حلقہ بندیاں کریں اور پھر الیکشن کروائیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے کیسے یہاں کے عوام کا حق مار سکتے ہیں؟ کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان چلتا ہے، مردم شماری کے معاملے پر ہر حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے الیکشن بھی وقت پر ہونے چاہئیں تھے، کراچی کی گنتی ساڑھے 3 کروڑ ہوگئی تو قومی اسمبلی کی سیٹیں 35 ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی گنتی صحیح ہوگئی تو صوبائی اسمبلی کی سیٹیں 62 سے 65 ہو جائیں گی۔