پاکستانیوں کو تو بجلی کم اور لوڈشیڈنگ زیادہ ملتی ہے لیکن کیا آپ اس ملک کے بارے میں جانتے ہیں جس کے شہری سب سے کم لوڈشیڈنگ کا سامنا کرتے ہیں۔
پاکستان کئی دہائیوں سے توانائی کے بحران کا سامنا کر رہا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے جس کا نتیجہ عوام بدترین لوڈشیڈنگ کی صورت میں بھگتتے ہیں کئی علاقوں میں تو گھنٹوں نہیں بلکہ دنوں تک بجلی بند رہتی ہے لیکن دبئی دنیا کا وہ ملک ہے جہاں بجلی کی بندش سب سے کم ہوتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی میں ہر صارف کو سالانہ اوسطاً صرف 1.19 منٹ بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو دنیا میں لوڈشیڈنگ کی سب سے کم شرح ہے۔ 2012 میں دبئی میں بجلی بندش کی یہ شرح 6.88 منٹ سالانہ تھی۔
اس حوالے سے دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی نے سال رواں 2023 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ریاست کے مختلف علاقوں میں گیارہ کلو واٹ پاور کے 676 ڈسٹری بیوشن اسٹیشن قائم کیے ہیں۔
اتھارٹی کے سربراہ سعید محمد الطاہر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذکورہ 676 یونٹس نے سال رواں کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 5 لاکھ 5 ہزار 684 گھنٹے کام کرکے اعلیٰ ترین ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر پوری ریاست میں پانی اور بجلی کا ترقی یافتہ مکمل بنیادی ڈھانچہ فراہم کیا گیا ہے اور اتھارٹی معمول کے مطابق مقررہ اسکیموں پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسی حوالے سے دبئی الیکٹرک اینڈ واٹر اتھارٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین راشد حمیدان نے کہا کہ 33 کلو واٹ پاور کے 74 ڈسٹری بیوشن سینٹر ہیں جبکہ 11 کلو واٹ اور 6.6 کلو واٹ پاور کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشنوں کی تعداد 43357 ہے۔