نیو یارک: اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل اور صدر نے پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہر قسم اور شکل کی دہشت گردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا، سیکیورٹی کونسل نے حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
سیکیورٹی کونسل نے تمام متعلقہ ممالک سے باجوڑ واقعے کے مجرمان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا، اور اعلامیے میں کہا ملوث تمام کرداروں، مالی معاونین، اور سہولت کاروں کو جلد کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ممالک عالمی قوانین کے تحت مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پاکستان سے تعاون کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا ہم دہشت گردی کے واقعات اور شہریوں کے خلاف جان بوجھ کر ٹارگٹ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کابا کوروسی نے پاکستان میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرین کے خاندانوں، حکومت، اور پاکستان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ صدر جنرل اسمبلی نے کہا دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں مجرمانہ اور ناقابل جواز ہے، عالمی برادری دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششوں کو مضبوط بنائے، اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔