اے آر وائی ڈیجیٹل کی ڈرامہ سیریل ’بےبی باجی‘ جس کی آخری قسط گزشتہ دنوں نشر کی گئی، اس ڈرامے نے شائقین کے دلوں کو چھو لیا، اس کی کامیابی کا یقین کس کو کتنا تھا؟
اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام دا نائٹ شو ودھ ایاز سموں میں ڈارمہ میں نمایاں کردار ادا کرنے والے جنید نیازی اور طوبیٰ انور نے خصوصی گفتگو کی اور اپنے خیالات سے ناظرین کو آگاہ کیا۔
ایاز سموں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال میں کہ کیا آپ کو معلوم تھا کہ یہ ڈرامہ اتنا سپر ہٹ ہوگا؟ کے جواب میں جنید نے بتایا کہ جب ہم ڈرامے کی شوٹنگ شروع کررہے تھے تو ہم سب کو دیکھ کر ہی سیٹ پر موجود ڈی او پی نے کہا کہ ڈرامہ ہٹ ہے۔
جنید نے کہا کہ اس وقت مجھے بھی اندازہ نہیں ہوا کہ اس نے ایسا کیوں کہا؟ بہرحال سب نے محنت کی اور سیٹ پر ماحول بھی بہت اچھا تھا اور سب سے بڑھ کر اللہ نے ہماری محنت کا اچھا صلہ دیا۔
ایک اور سوال کے جواب میں کہ ڈرامے کے سیٹ پر کبھی کوئی لڑائی وغیرہ تو نہیں ہوئی؟ جس پر جنید نیازی اور طوبیٰ انور کے درمیان دلچسپ نوک جھوک ہوئی اور انہوں نے بتایا کہ ایسا بالکل نہیں ہم سب نے بہت اچھے اور دوستانہ ماحول میں کام کیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ نے ہر طرف دھوم مچا دی، کہانی اس وقت زیادہ ہٹ ہوئی جب لوگوں نے اس میں جویریہ سعود کی ایکٹنگ دیکھی اور ’بے بی باجی‘ کے ساتھ ان کی نوک جھوک نے سر اٹھایا۔ ڈرامے میں دیگر کرداروں کے علاوہ ثمینہ احمد کی منجھی ہوئی اداکاری نے کہانی میں مزید جان ڈال دی۔
ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں سینئر اداکارہ ثمینہ احمد، سعود قاسمی، جویریہ سعود، حسن احمد، سنیتا مارشل، جنید جمشید نیازی، سیدہ طوبیٰ انور فائزہ خان، فضل حسین، عینا آصف ودیگر اداکاری کے جوہر دکھائے۔