ہفتہ, جون 21, 2025
اشتہار

’’تحریک انصاف واپس آئے گی، آپ کیلیے خدا حافظ، فی امان اللہ‘‘ بیرسٹر سیف کا بلاول کو جواب

اشتہار

حیرت انگیز

قومی اسمبلی میں بلاول بھٹو کی تقریر پر تحریک انصاف کے بیرسٹر سیف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی واپس آئے گی آپ کیلیے خدا حافظ اور فی امان اللہ۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تقریر کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین پر کڑی تنقید کی تھی جس پر پارٹی رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا ردعمل سامنے آگیا ہے اور انہوں نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف تو واپس آئے گی آپ کے لیے تو ابھی خدا حافظ اور فی امان اللہ ہے۔

بیرسٹر سیف نے طنز کے تیر برساتے ہوئے کہا کئی سوالات بھی اٹھائے اور کہا کہ 15 ،16 ماہ تو آپ صرف کرپشن، لوٹ مار اور غیر ملکی سیر سپاٹوں میں ہی مصروف رہے۔ آپ کو کس اپوزیشن نے کام نہیں کرنے دیا؟ وہی اپوزیشن جس کی نمائندگی آپ کا اپنا راجا ریاض کر رہا ہے؟ آپ نوجوانوں کو مایوسی سے کیسے نکالیں گے؟

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کی باتیں کرنے والے تو خود نوجوانوں کیلیے مختص قومی وسائل ہڑپ کر چکے ہیں۔ پاکستان کے مسائل کی وجہ زرداری اور نواز شریف کی لوٹ مار اور کرپشن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری آپ کی نا اہل اور کرپٹ حکومت کی انتقامی کارروائی ہے اور وہ جعلی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کو مکافات عمل قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ہم نے ایک سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیجا، ساری جماعتوں کے اتحاد کی وجہ سے تاریخی عدم اعتماد کو کامیاب کرایا، ہماری کوشش تھی سویلین اداروں کو مضبوط اور پارلیمان کا وقار بحال کریں، اب تاریخ فیصلہ کرے گی کہ اس کوشش میں ہم کامیاب رہے یا نہ رہے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا تھا کہ اپوزیشن کا کام ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی نشاندہی کرے، اپوزیشن کو بھی سوچنا چاہیے کہ ہمارے اقدام سے جمہوریت کو کوئی نقصان نہ ہو لیکن بدقسمتی سے ہمیں ایسی اپوزیشن ملی جس کو جمہوریت اور پارلیمان کی فکرنہیں تھی، اس اپوزیشن جماعت نے وہ ریڈ لائن کراس کی جو تاریخ میں کبھی نہیں ہوا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں