ممبئی: بالی وڈ کے نامور فلمساز و اداکار فرحان اختر نے ڈان فرنچائز کی تیسری قسط بنانے کا باضابطہ اعلان کر دیا جس میں سُپر اسٹار شاہ رخ خان نظر نہیں آئیں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فرحان اختر نے یہ خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس کے ذریعے شیئر کی جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تاہم شاہ رخ خان کے مداح مایوس نظر آئے۔
فرحان اختر نے باضابطہ جاری کردہ بیان میں بتایا کہ 1978 میں امیتابھ بچن کے کردار نے دیکھنے والوں کو اپنی گرفت میں لے لیا تھا اور اس کے بعد 2006 میں شاہ رخ خان نے اسکرین پر دھوم مچائی۔
فلمساز و اداکار نے کہا کہ میں نے شاہ رخ خان کے ساتھ ایک نہیں بلکہ دو فلمیں بنانے کے دوران بہت اچھا وقت گزارا اور یہ تجربات میرے دل کے بہت قریب ہیں۔
’اب وقت آگیا ہے کہ ڈان کی وراثت کو آگے بڑھایا جائے۔ نئی کہانی میں ہمارے ساتھ ایک ایسا اداکار شامل ہونے والا ہے جس کی قابلیت کا میں دیوانہ ہوں۔‘
فرحان اختر نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ شاہ رخ خان کی جگہ وہ کس اداکار کو مرکزی کردار کی ذمہ داری سونپنے والے ہیں۔ لیکن خبریں گردش کر رہی ہیں کہ رنویر سنگھ کو ’ڈان 3‘ کیلیے فائنل کیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان کو فرنچائز سے آؤٹ کرنے پر سُپر اسٹار کے مداح نالاں ہیں اور ان کی جانب سے فلم کے خلاف بائیکاٹ مہم بھی متوقع ہے۔ مداح کہہ رہے ہیں کہ ’اگر شاہ رخ خان نہیں تو ڈان 3 بھی نہیں۔‘