کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آج ہی گورنر سنگھ کامران ٹیسوری کو اسمبلی تحلیل کرنے کی ایڈوائس دوں گا۔
سندھ اسمبلی میں اپنے الوداعی خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ اسمبلی تاریخ ساز اسمبلی ہے، 5 سال مکمل ہونے پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں، 2002 سے 4 مرتبہ منتخب ہوا ہوں اور آج سندھ اسمبلی کا آخری دن ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ 5 سال اتنے آسان نہیں تھے، اس اسمبلی اور سندھ حکومت کو چلنے سے روکنے کی کوشش کی گئی، لیڈرشپ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کو انتقام کا نشانہ بنایا، سندھ اسمبلی کو مختلف حربوں اور بہانوں سے کام سے روکا گیا، ایک وقت میں بہت کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ آج گرفتار ہوگا کل ہوگا لیکن بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ جیل میں ہوگا تو وہاں سے بھی حکومت چلائے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران سندھ میں سب سے زیادہ احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں، ریکارڈ وقت میں متعدد امراض کے علاج کیلیے اسپتال بنائے، سندھ کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی اور کیسز بنائے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے 21 لاکھ سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، سیلاب سے 20 ہزار سے زائد اسکولوں کے ڈھانچے تباہ ہوئے۔