کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اسٹارز عائزہ خان اور وہاج علی کی ایک ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔
عائزہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئیں تصاویر میں انہیں اور وہاج علی کو سفید و سیاہ رنگ کے مغربی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ ’زید اور مبشرہ۔‘ دراصل دونوں فنکار اے آر وائی ڈیجیٹل کے نئے ڈرامہ سیریل ‘میں‘ میں مرکزی کردار نبھا رہے ہیں جس میں عائزہ خان کا نام ’مبشرہ‘ اور وہاج علی کا ’زید‘ ہے۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں اعجاز اسلم، ازیکا ڈینیئل و دیگر فنکار شامل ہیں۔ ’میں‘ کی ہدایتکاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی زنجابیل عاصم نے لکھی ہے۔
عائزہ خان اور وہاج علی کی مذکورہ تصاویر کو بہت کم وقت میں لاکھوں مداحوں نے پسند کیا جبکہ ’میں‘ ڈرامے میں ان کی صلاحیتوں کی تعریف بھی کی۔
خیال رہے کہ وہاج علی اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’مجھے پیار ہوا تھا‘ میں ’سعد‘ کا مرکزی کردار نبھا رہے ہیں، ڈرامے کی آخری قسط پیر کی رات 8 بجے نشر کی جائے گی۔
عائزہ خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ اور ’تھوڑا سا حق‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔