کراچی کے چڑیا گھر میں افریقی بن مانس (چیمپنزی) کے ہلاک ہونے کی وجہ سامنے آگئی، دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر چڑیا گھراقبال نواز نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی چڑیا گھر میں نایاب نسل کا چمپینزی مرگیا ہے، اس کے پوسٹ مارٹم کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
کنسلٹنٹ کراچی چڑیا گھر ایم ایچ پیرزادہ نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیمپینزی کی ہلاکت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ایم ایچ پیرزادہ کے مطابق چمپینزی کے پھیپھڑے اور گردے ٹھیک تھے، دل میں خون کا دورانیہ رک جانے کی وجہ سے موت واقع ہوئی، موت کی مزید تفصیلات پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئیں گی۔
واضح رہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی ہلاکتوں کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث چڑیا گھر کی رونقیں ماند پڑنے لگی ہیں۔ چڑیا گھر میں پے در پے جانوروں کی ہلاکتوں کے واقعات تسلسل سے سامنے آرہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چڑیا گھر میں گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران 2 شیر، ایک ہاتھی اور بن مانس ہلاک ہوگیا ہے جبکہ ہرن کے بچوں سمیت چھوٹے درجنوں چرند و پرند کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔
چند روز قبل ہتھنی نورجہاں جو بخارمیں مبتلا تھی، جسے بچانے کیلئے تمام کوششیں کی گئیں، مگر ہتھنی کو بھی نہ بچایا جاسکا۔