اسلام آباد: نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کردیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 290 روپے 45 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 20 روپے اضافہ کردیا گیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 293 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے.
پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل ہر پندرہ روز کے بعد کیا جاتا ہے۔
دوسری جانب ماہر معیشت مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ ہورہی ہے، واجبات اور ایڈجسٹمنٹ کو حالیہ اضافے میں پورا کیا جارہا ہے یہ پرانی ہی قیمتوں کا تسلسل ہے جو پی ڈی ایم اتحادی حکومت کا تھا۔
مزمل اسلم نے کہا کہ بجلی، گیس، تیل بنیادیں چیزیں ہیں جن کے مہنگا ہونے سے ہر شعبے پر فرق پڑتا ہے، حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام رہی کوئی اسٹریٹیجی نہیں بنائی۔