بھارت کے شہر ممبئی میں ایک ریسٹورنٹ کے آرڈر کیے گئے کھانے سے مرا ہوا چوہا نکل آیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی شام انوراگ سنگھ نامی گاہک اپنے دوستوں کے ہمراہ ریسٹورنٹ گیا جہاں کھانا کھاتے وقت ڈش سے مرا ہوا چوہا نکل آیا۔
انوراگ سنگھ کے مطابق میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گیا، ہم نے روٹی کے ساتھ چکن اور مٹن تھالی کا آرڈر دیا لیکن کھانے کا ذائقہ ہمیں بہت عجیب سا لگا۔
’جب غور کیا تو ڈش میں مرا ہوا چوہا موجود تھا۔ ہم نے فوراً سے مینیجر کو شکایت کی لیکن اس نے کوئی تسلی بخش جواب نہ دیا۔ ہم سیدھا قریبی تھانے گئے اور شکایت درج کروائی۔‘
انوراگ سنگھ نے مرے ہوئے چوہے کی تصویر کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جس کے بعد صارفین نے ریسٹورنٹ پر کڑی تنقید کی اور حکام سے مطالبہ کیا کہ اسے فوری سیل کیا جائے۔
ادھر پولیس نے بتایا کہ مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی ٹیم نے ریسٹورنٹ میں موجود تمام کھانوں کے سیپلز لے کر لیباٹری بھجوا دیے، رپورٹس آنے کے بعد کارروائی کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
ریسٹورنٹ کو فی الحال سیل کر دیا گیا ہے جبکہ ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔