عوام نے پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد سفر کے لیے متبادل ذرائع پر غور شروع کردیا اور کہا اب سفر کے لیے سائیکل یا گدھا گاڑی میں کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے مارے عوام پر بجلی بن کر گرا، جس کے بعد بدترین مہنگائی کے نئے دور کا آغاز ہورہا ہے۔
لوگ بچوں کی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان تھے اور حالیہ اضافے نے ان کی چیخیں نکال دی ہیں ، شہریوں کا کہنا ہے کہ فیصلہ سازوں کو عام آدمی کے مسائل سے کوئی غرض نہیں۔
عوام نے کہا ہے کہ ساڑھے سترہ روپے فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ سراسر ظلم ہے، اب سفر کے لیے سائیکل یا گدھا گاڑی میں کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے گا۔
مہنگائی کے ستائے عوام چیخ اٹھے اور کہا کہ خودکشیوں یا چھینا جھپٹی کے علاوہ زندہ رہنے کے لیے کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔