رنگ پور: دریائے چناب کے پار علاقے امیرپور میں پولیس چوکی بحال نہ ہو سکی جس کی وجہ سے علاقے میں بد امنی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیرپور کی پولیس چوکی بحال نہیں ہو سکی، جس کی وجہ سے دریائے چناب کے پار علاقے میں بدامنی بڑھتی جا رہی ہے، اور کچے کے علاقے میں ڈکیتی کی وارداتوں سے 20 سے زائد دیہات کے باسی پریشان ہیں۔
اہل علاقہ نے آئی جی پنجاب سے پولیس چوکی امیرپور بحال کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پولیس چوکی آئی جی پنجاب کے حکم پر ختم کی گئی تھی، اور دریائے چناب کے پار ناکہ بھی ختم کر دیا گیا تھا، سیلاب کے بعد اب نشیبی علاقوں کے باسی گھروں کو لوٹ رہے ہیں، جو عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
چوکی نہ ہونے کی وجہ سے علاقے میں آئے روز فسادات ہوتے ہیں جس میں متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں، قتل کی وارداتیں بھی ہو رہی ہیں، اور کچے کا علاقہ پوری طرح سے جرائم پیشہ افراد کی آماج گاہ بن چکا ہے۔
نمائندہ رنگپور کے مطابق علاقے میں کسی ایمرجنسی کی صورت میں باسیوں کو انصاف کے حصول کے لیے کشتی کا سفر کر کے رنگ پور آنا پڑتا ہے۔
سیلاب کے دوران ڈیرہ غازی خان کے آر پی او نے رنگ پور کے دورے کے دوران وعدہ کیا تھا کہ مذکورہ چوکی جلد بحال کر دی جائے گی اور اہلکار تعینات کر دیے جائیں گے تاہم دو ماہ گزرنے کے بعد بھی ایسا کوئی اقدام دیکھنے میں نہیں آیا۔