پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے ہمبنٹوٹا میں دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی ون ڈے سیریز کا آج سے سری لنکا میں آغاز ہو رہا ہے جس میں کلین سوئپ کر کے گرین شرٹس ون ڈے رینکنگ میں پھر ٹاپ پوزیشن پر آ سکتے ہیں۔
تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے معرکے لیے آج دونوں ٹیمیں ہمبنٹوٹا کے میدان میں مدمقابل ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔
سیریز کے آغاز سے ایک دن قبل گزشتہ روز ٹرافی کی رونمائی کی گئی قومی کپتان بابر اعظم اور افغان قائد حشمت اللہ شاہدی نے ٹرافی سے پردہ اٹھایا اور اس کے ساتھ فوٹو شوٹ ہوا۔
دونوں ٹیموں نے سیریز کے لیے بھرپور ٹریننگ کر کے تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔ گرین شرٹس نے فلڈ لائٹس میں بھی اپنے ہتھیاروں کی جانچ کی۔
کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ سے پہلے افغانستان کے خلاف سیریز بہت اہم ہے جس میں ہم اپنے تمام کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔
افغانسان کے پاس جہاں نور، مجیب، نبی، ضیا اور راشد خان کی صورت دنیا کا بہترین اسپن اٹیک ہے تو مقابلے پر بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، امام الحق سعود شکیل کی صورت میں دنیا کی بہترین بیٹنگ لائن موجود ہے جب کہ اسٹار فاسٹ بولرز شاہین شاہ، حارث رؤف کے تیز گیندوں کے ساتھ شاداب خان کی اسپن بولنگ بھی مخالف ٹیم کو پریشان کر سکتی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ پہلی باقاعدہ ون ڈے سیریز ہے اس سے قبل دونوں ٹیمیں چار بار ایک روزہ میچوں میں مدمقابل آئی ہیں اور پاکستان ناقابل شکست رہا ہے۔
اس سیریز میں جہاں پاکستان کو کلین سوئپ کے ساتھ دوبارہ آئی سی سی ون ڈے کی نمبر ون ٹیم بننے کا موقع ہے وہیں افغانستان کی کوشش ہوگی کہ وہ ایشیا کپ سے قبل مضبوط حریف کو ہرا کر شکستوں کا تسلسل توڑے۔
بات کریں ہمبنٹوٹا کے میدان کی تو یہ گراؤنڈ پاکستان یہاں چار میچز کھیل چکی ہے جس میں سے دو جیتے اور دو ہارے جب کہ افغانستان نے بھی اس گراؤنڈ میں چار میچز کھیلے ہوئے ہیں جن میں سے تین میں فتح یاب رہا اور ایک میں شکست ہوئی۔