شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ کالج میں لڑکیاں مجھ سے جلتی تھیں۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بے بی باجی‘ میں ’عذرا‘ کا کردار نبھانے والی اداکارہ جویریہ سعود نے حالیہ انٹرویو میں نجی زندگی اور شوبز میں ڈیبیو سے متعلق اظہار خیال کیا۔
جویریہ سعود نے بتایا کہ جب میرا ڈرامہ ’انہونی‘ مقبول ہوا تو میں نے کالج میں داخلہ لیا تھا، کالج میں لڑکیوں نے دیکھا تو پہچان گئیں کہ میں ڈراموں میں اداکاری کررہی ہوں، اس زمانے میں انڈسٹری میں آنا مشکل تھا مقبول ہونا آسان تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب انڈسٹری میں آنا آسان ہے اور مقبول ہونا مشکل ہے کیونکہ اتنے سارے چینلز آگئے ہیں اس وقت صرف دو ہی چینلز ہوا کرتے تھے۔
اداکارہ نے بتایا کہ کالج میں کچھ لڑکیاں جلتی بھی تھیں اور کہتی تھیں کہ ہوگی اداکارہ ہمیں کیا ہے۔
جویریہ سعود نے کہا کہ ’کالج میں میری دوستوں کا ایک گروپ تھا لیکن اب ایک ہی دوست ساتھ رہ گئی باقی سب اپنی زندگیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر والدہ نے کہا کہ اب تم اداکاری چھوڑ دو اور شادی کا سوچو لیکن مجھے دو پراجیکٹس مکمل کرنا تھے پھر میں نے والدہ سے کہا کہ یہ پراجیکٹس مکمل ہوجائیں گے تو اداکاری چھوڑ دوں گی۔
جویریہ نے بتایا کہ اداکاری چھوڑنے کے بعد شوبز کے لوگوں سے بھی تعلق ختم کرلیا تھا اور گھر والوں کو وقت دیا پھر دوبارہ شوبز میں واپس آگئی۔