ہفتہ, دسمبر 28, 2024
اشتہار

امریکا میں پاکستانی ڈاکٹر کو دہشت گردی کے الزام میں 18سال قید

اشتہار

حیرت انگیز

منیسوٹا: امریکی ریاست منیسوٹا میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود کو دہشت گردی کے الزام میں 18 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق 31 سالہ پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود نے دہشت گرد تنظیم داعش کے لیے کام کرنے کے ارادے کا اعتراف کر لیا، عدالت نے انھیں اٹھارہ سال قید کی سزا سنائی۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹر محمد مسعود منیسوٹا کی میڈیکل ریسرچ کمپنی کے لیے کام کر رہا تھا، محمد مسعود H1B ویزے پر امریکا آیا تھا، تو اسے مارچ 2020 کو منیپولس ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

- Advertisement -

اس معاملے کی تحقیقات کے لیے امریکی ایف بی آئی کے جوائنٹ ٹیررسٹ ٹاسک فورس نے حصہ لیا۔ روچیسٹر میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر کو داعش کو مادی مدد فراہم کرنے کی کوشش پر رہائی کے بعد بھی 5 سال تک زیر نگرانی رہنا پڑے گا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق پاکستان میں ایک لائسنس یافتہ میڈیکل ڈاکٹر محمد مسعود پہلے H-1B ویزا کے تحت روچیسٹر، منیسوٹا میں ایک میڈیکل کلینک میں ریسرچ کوآرڈینیٹر کے طور پر ملازم تھا، جنوری 2020 اور مارچ 2020 کے درمیان مسعود نے دہشت گرد تنظیم میں شمولیت کے لیے اپنے بیرون ملک سفر کی سہولت کے لیے ایک خفیہ پیغام رسانی کی ایپلی کیشن کا استعمال کیا۔

مسعود نے دولت اسلامیہ عراق و الشام (ISIS) میں شامل ہونے کی اپنی خواہش کے بارے میں متعدد بیانات دیے، اور اس نے نامزد دہشت گرد تنظیم اور اس کے رہنما سے اپنی وفاداری کا عہد کیا، مسعود نے امریکا میں ’لون وولف‘ دہشت گرد حملے کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

21 فروری 2020 کو مسعود نے شکاگو، الینوائے سے عمان، اردن کے لیے ہوائی جہاز کا ٹکٹ خریدا اور وہاں سے شام جانے کا ارادہ کیا، 16 مارچ 2020 کو مسعود کے سفری منصوبے بدل گئے کیوں کہ اردن نے کرونا وائرس وبائی امراض کی وجہ سے آنے والے سفر کے لیے اپنی سرحدیں بند کر دیں تھیں، اس کے بعد مسعود نے ایک ایسے فرد سے ملنے کے لیے منیپولس سے لاس اینجلس جانے پر رضامندی ظاہر کی جس کے بارے میں اسے یقین تھا کہ وہ اسے ISIS کے علاقے تک پہنچانے کے لیے کارگو جہاز کے ذریعے سفر میں اس کی مدد کرے گا۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق 19 مارچ 2020 کو مسعود نے لاس اینجلس کیلیفورنیا کے لیے جانے والی پرواز میں سوار ہونے کے لیے روچیسٹر سے منیپولس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کا سفر کیا۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر مسعود نے اپنی فلائٹ میں چیک اِن کیا اور بعد ازاں ایف بی آئی کی جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس نے اسے گرفتار کر لیا۔ مسعود نے 16 اگست 2022 کو دہشت گرد تنظیم کو مادی مدد فراہم کرنے کی کوشش کرنے کا اعتراف کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں