اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ایمان مزاری کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
یاد رہے کہ ایمان مزاری کو اڈیالہ جیل سے رہائی پر تھانہ بھارہ کہو کے مقدمے میں گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔
آج منگل کو ایمان مزاری نے یکے بعد دیگرے مقدمات میں گرفتاری کے خلاف حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ 2 مقدمات میں ضمانت کے بعد ایمان مزاری کو تیسرے مقدمے میں گرفتار کیا گیا، انھیں حفاظتی ضمانت فراہم کی جائے۔
ایمان مزاری کو ایک کے بعد ایک مقدمے میں گرفتاری کا سامنا، عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا دیا
درخواست میں کہا گیا کہ ایمان مزاری مقدمات کی تفتیش میں مکمل تعاون کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، اس لیے عدالت ایف آئی اے اور صوبائی اداروں کو ایمان مزاری کو گرفتار کرنے سے روکے، اور عدالت ایمان مزاری کے خلاف ملک بھر میں مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔