اتوار, جنوری 26, 2025
اشتہار

خاتون کے دماغ میں سانپوں میں پایا جانے والا کیڑا دیکھ کر سرجن حیران

اشتہار

حیرت انگیز

کینبرا: آسٹریلیا میں رہنے والی ایک 64 سالہ انگریز خاتون کے دماغ سے نیورو سرجن نے ایک زندہ 8 سینٹی میٹر (3 انچ) طفیلی کیڑا نکالا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے شہر کینبرا میں ایک نیوروسرجن ایک خاتون کے دماغ میں ایک ایسا کیڑا دیکھ کر حیران رہ گئی جو عام طور پر سانپوں میں پایا جاتا ہے۔

یہ دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا کیس بتایا جا رہا ہے، اس سے قبل کبھی کسی انسان کے دماغ سے پائتھن سانپ میں پایا جانے والا کیڑا نہیں دیکھا گیا۔ نیورو سرجن ڈاکٹر ہری پریا باندی نے اپنی مریضہ کے دماغ سے برین سرجری کے دوران آٹھ سینٹی میٹر لمبا پیراسائٹ راؤنڈ ورم نکالا۔

- Advertisement -

رپورٹس کے مطابق یہ آپریشن گزشتہ برس کینبرا کے ایک اسپتال میں انجام دیا گیا تھا، سرجری کے دوران مریض کے خراب فرنٹل لوب سے ایک دھاگا نما چیز نکالی گئی تو سرجن ڈاکٹر ہری پریا باندی کے مطابق اسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے کیوں کہ انھیں اس کی بالکل بھی توقع نہیں تھی۔

64 سالہ خاتون کو کئی مہینوں سے پیٹ میں درد، کھانسی اور رات کو پسینہ آنے جیسی علامات کا سامنا تھا، اس کے بعد اس کی یادداشت بھی کمزور ہونے لگی اور افسردگی کا شکار رہنے لگی۔ جب ایم آئی آر اسکین کیا گیا تو دماغ کے آگے والے حصے میں ایک غیر معمولی زخم نظر آیا، جس کا بعد میں پتا چلا کہ یہ دراصل راؤنڈ ورم تھا جسے اوفیڈاسکیریز رابرٹسی کہا جاتا ہے اور جس کے بارے میں محققین کا کہنا ہے کہ یہ کینگروز اور سانپوں کی ایک قسم پائتھن میں پایا جاتا ہے، دماغ سے برآمد ہونے والے کیڑے کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹنگ کے ذریعے کی گئی۔

ڈاکٹرز کا خیال ہے کہ مریضہ چوں کہ ایک جھیل کے قریب رہتی ہے، جہاں پائتھن سانپ پائے جاتے ہیں، وہاں گھاس اکٹھے کرتے ہوئے اس نے کوئی تنکا چبایا ہوگا جس سے وہ متاثر ہوئی۔ ڈاکٹرز کے مطابق کسی سانپ نے طفیلی کیڑے کو اپنے فضلے میں خارج کیا ہوگا جو گھاس میں رہ گیا اور مریضہ نے جب اُسے کھایا تو یہ راؤنڈ ورم اس کے جسم کے اندر چلا گیا۔

خاتون کو جنوری 2021 کے آخر میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جب اسکین میں نامعلوم غیر معمولی زخم دکھائی دیا، تو جون 2022 میں ڈاکٹر باندی نے بائیوپسی کے لیے اس کا ٹکڑا نکالا جس سے کیڑے کا انکشاف ہوا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں