اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

ایشیا کپ: اے سی سی کے بھارتی صدر کی ہٹ دھرمی برقرار

اشتہار

حیرت انگیز

ایشین کرکٹ کونسل کے بھارتی صدر جے شاہ نے ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے بقیہ میچز بارش زدہ کولمبو میں ہی کرانے کا یکطرفہ فیصلہ کر کے ایونٹ کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کو پہلے ہی بارش کے سیزن میں ایشیا کپ کے میچز سری لنکا منتقل کرانے پر چہار جانب سے تنقید کا سامنا ہے کولمبو جہاں فائنل سمیت سپر فور مرحلے کے 6 میچز شیڈول ہیں لنکن دارالحکومت کے شدید بارشوں کی زد میں ہونے کے باعث گزشتہ روز اے سی سی نے یہ میچز کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار ہونے کے ساتھ ساتھ بی جے پی وزیر امیت شاہ کے بیٹے بھی نے من مانی اور روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام میچز کولمبو میں ہی کرانے کا یکطرفہ فیصلہ کیا ہے جس سے میچز متاثر ہونے اور ایونٹ کا مزا کرکرا ہونے کا اندیشہ ہے۔

- Advertisement -

منگل کی صبح پی سی بی کو سری لنکن بورڈ نے مطلع کیا تھا کہ بارش کے باعث کولمبو سے میچز منتقل کر دیے گئے ہیں اور اب سپر فور کے میچ ہمبنٹوٹا میں ہوں گے جس کی تیاری کر لی ہے اور براڈ کاسٹ کٹ بھی ہمبنٹوٹا پہنچ گئی ہے۔

تاہم سری لنکا بورڈ کے اس اعلان کے صرف 27 منٹ بعد ہی ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ای میل کی گئی جس میں میچز کولمبو میں ہی کرانے کا اعلان کیا گیا اور کہا گیا کہ موسم ٹھیک ہے۔

پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کے اس فیصلے پر سخت رد عمل دیتے ہوئے جوابی ای میل کر دی اور مطالبہ کیا کہ یکطرفہ فیصلہ نہیں مانتے، اے سی سی کے ممبر بورڈز کا اجلاس بلایا جائے اور اس میں فیصلہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے بھارت کی من مانی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو ملنے کے بعد سے ہی جاری ہے پہلے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کیا جب ایونٹ کو بھارت کے بغیر کرانے پر بات ہوئی تو دیگر بورڈز پر دباؤ ڈال کر میچز کو یو اے ای کے بجائے بارش زدہ سری لنکا منتقل کرایا صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ایونٹ میں شریک ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کی جرسی سے میزبان پاکستان کا نام بھی ختم کرا دیا۔

ایشیا کپ: سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش آج ٹکرائیں گے

بھارت کی اس ہٹ دھرمی نے پاک بھارت ٹاکرا بارش کے باعث بے نتیجہ ختم کرایا لیکن جے شاہ کی ہٹ دھرمی ختم نہ ہوئی اور اب وہ پورے ایونٹ کو اپنی انا اور ضد پر قربان کرنے پر مصر ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں