کراچی: امریکی ڈالر کی سٹے بازی کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے باعث روپیہ مزید تگڑا ہو گیا۔
انٹر بینک میں آج ڈالر 2 روپے 4 پیسے سستا ہو کر 304 روپے 94 پیسے پر بند ہوگیا۔ گزشتہ روز ڈالر 306 روپے 98 پیسے پر بند ہوا تھا۔
کاروباری دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 1 روپے 98 پیسے سستا ہو کر 305 روپے پر ٹریڈنگ کر رہا تھا۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق بینکس درآمد کنندگان کو ڈالر 305.50 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 5 روپے سستا ہو کر 307 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3 روز میں تقریباً 21 روپے سستا ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ڈالر کی سٹے بازی کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی کے باعث ایکسچینج کمپنیوں نے ڈالر اسٹیٹ بینک کو جمع کروانا شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر مزید گرنے کے ڈر سے ایکسچینج کمپنیاں ڈالر کے ذخائر کم کر رہی ہیں۔ ڈالر کی قدر بڑھنے کے سبب ایکسچینج کمپنیاں ڈالر ہولڈ کر رہی تھی بلیک مارکیٹ کے خلاف کارروائی مزید تیز کرنے سے ڈالر کی قدر میں مزید کمی آئے گی۔
ایکسچینج کمپنیاں اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین سو پانچ روپے کے حساب سے خرید رہی ہیں۔ ڈالر مزید مہنگا ہونے کے منتظر ایکسپورٹرز کو بھی دھچکا لگا ہے۔
ایکسپورٹرز مال بیرون ممالک فروخت کر کے مہنگا ہونے کے انتظار میں ڈالرز نہیں لا رہے تھے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر بیچنے والوں کا رش بڑھ گیا۔ ملکی ذخائر بہتر ہوتے ہی ڈالر کی قدر تین سو روپے سے نیچے آنے کے امکانات ہیں۔