ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کل بارش کے باعث ادھورا رہ جانے والا میچ آج پھر کھیلا جائیگا تاہم کولمبو میں آج بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں روایتی حریفوں کے درمیان کل ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا بارش کی مداخلت کے باعث روکنا پڑا تھا جو آؤٹ فیلڈ خراب ہونے کے باعث دوبارہ شروع نہ کیا جاسکا۔ میچ جس وقت روکا گیا بھارت نے 24.1 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 147 بنا لیے تھے۔
میچ آج وہیں سے شروع ہوگا جہاں ختم ہوا تھا۔ کریز پر ویرات کوہلی 8 اور کے ایل راہول 17 رنز کے ساتھ موجود ہیں تاہم محکمہ موسمیات نے آج اور آئندہ ایک ہفتے تک کولمبو میں بارش کی پیشگوئی کی ہوئی ہے۔ بارش کی مداخلت پر میچ کم اوورز تک محدود کیا جا سکتا ہے تاہم میچ آج بھی نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
گزشتہ روز پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا اور بھارتی اوپنرز نے صرف 14 اوورز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرا دی۔ دونوں کے درمیان 16.4 اوورز میں 121 رنز کی تیز رفتار پارٹنر شپ قائم ہوئی، جس کو شاداب خان نے روہت شرما کی وکٹ حاصل کرکے توڑا۔ 123 رنز پر دوسرے اوپنر شبھمن گل کی وکٹ شاہین شاہ نے حاصل کی دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔
میچ میں پاکستانی کی خراب فیلڈنگ نے بھی بھارتی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع دیا۔ ابتدا ہی میں نسیم شاہ کی گیندوں پر دو کیچ ڈراپ ہونے کے بعد روہت اور شبھمن نے میدان کے چاروں طرف دھواں دھار بیٹنگ کی۔ ادھورا میچ مکمل کرنے کا مشن لیے دونوں ٹیمیں آج دوپہر ڈھائی بجے میدان میں اتریں گی۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، افتخار احمد، سلمان آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔
بھارتی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:
روہت شرما (کپتان)، ہاردیک پانڈیا (نائب کپتان)، شبھمن گل، ویرات کوہلی، ایشان کشن، کے ایل راہول، رویندرا جڈیجا، شردل ٹھاکر، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، محمد سراج۔