سابق وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی لندن سے وطن واپسی کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے اور وطن واپسی پر نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کیا جائے گا۔
نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق پارٹی رہنماؤں نے کہا تھا کہ وہ اکتوبر میں آجائیں گے تاہم کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی تھی۔
شہبازشریف نے 25 اگست کو واضح کیا تھا کہ قائد نوازشریف اکتوبرمیں پاکستان جائیں گے اور قانون کا سامنا کرنے کے ساتھ ساتھ الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔
لندن میں نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا تھا کہ پاناما لیکس میں سیاستدانوں سمیت ساڑھے400 افراد کے نام تھے اور نوازشریف کا نام سازش سے پاناما کیس میں شامل کیا گیا نوازشریف کے خلاف بدنیتی پر مبنی فیصلہ دیا گیا تھا دعا ہےاللہ تعالیٰ بعض افراد کو ہدایت دے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں گے صاف و شفاف احتساب وقت کی ضرورت ہے ہم نے آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل کی اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ عام انتخابات ہوں، صاف و شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کریں گے۔