اسلام آباد: وفاقی اور چاروں صوبائی وزرائے قانون نے انتخابی شیڈول سے متعلق الیکشن کمیشن کے اختیار پر اتفاق رائے کر لیا، وزرائے قانون کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا اختیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر قانون احمد عرفان کی سربراہی میں چاروں صوبائی وزرائے قانون کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت قانون کے اجلاس میں انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے پر اتفاق رائے کیا گیا، فیصلہ کیا گیا کہ آئین کی کسی بھی شق کو دیگر متعلقہ دفعات سے الگ کر کے نہیں پڑھا جا سکتا، اور آئین کے مطابق عام انتخابات کا انعقاد اور تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کا واحد اختیار ہے۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق رائے کیا گیا کہ عام انتخابات، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک دن ہونے چاہئیں۔
وزرائے قانون نے اجلاس میں اس پر بھی اتفاق رائے کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک آزاد آئینی ادارہ ہے، اس لیے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے انتخابی شیڈول کے تعین میں اختیار کا احترام کریں۔