دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا، تلنگانہ کے گجویل ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعے میں مسلم شخص کو ہجوم کی جانب سے برہنہ پریڈ کروائی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گجویل ٹاؤن میں ہجوم نے مسلم شخص کو برہنہ پریڈ کروائی، اس حوالے سے کمشنر پولیس سدی پیٹ نے مینارٹیز کمیشن کو رپورٹ پیش کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک مسلمان شخص محمد عمران کو ہجوم نے برہنہ حالت میں پریڈ کروائی جبکہ اس شخص سے جبراً ”جئے سری رام” کے نعرے لگوائے گئے۔ ظلم کی انتہاء کرتے ہوئے مسلم شخص کو غلاظت سے بھری فٹ پاتھ کو چاٹنے کے لیے کہا گیا۔
پولیس کمشنر کا اپنی رپورٹ سے متعلق کہنا ہے کہ گجویل پولیس اسٹیشن، بلیو کولٹس کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچی اور حالات کو سنبھالا، جبکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کمشنر نے بتایا کہ 11 ملزمان کو حراست میں لے کر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور 4 مزید ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں، تمام ملزمان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
پولیس کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ضلع کلکٹر کے ساتھ شہر میں تمام مذاہب کے قائدین اور سیاسی پارٹیوں کے ساتھ امن کمیٹی کی میٹنگ کی اس کے بعد ٹاؤن میں معمولات زندگی معمول پر آئے۔