صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستانی کھلاڑی 24 کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں، پاکستان کا262 رکنی وفد ایشین گیمز میں شرکت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف حسن کا ایشین گیمز سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 262 رکنی وفد ایشین گیمز میں جائے گا۔ قومی پلیئرز 24 کھیلوں میں میڈلز کے لیے مقابلہ کریں گے۔
عارف حسن نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ 164 کھلاڑیوں کو فنڈ کر رہا ہے۔ ایشین گیمز میں شرکت کے لیے کسی کو کوالیفائی نہیں کرنا پڑتا۔
انھوں نے کہا کہ تمام ٹیمیں اپنے ایونٹس کے مطابق ایشین گیمزمیں شرکت کریں گی۔ ٹیم گیم پر اخراجات زیادہ ہوتے ہیں اس لیے کچھ ٹیمیں نہیں جارہیں۔
صدرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے مزید بتایا کہ ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے فیڈریشن کے عہدیداروں سے مشاورت کی ہے، انتظامات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
عارف حسن نے کہا کہ ویٹ لفٹر کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کا معاملہ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے پاس ہے۔ انٹرنیشنل ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی انکوائری رپورٹ آنے پر ہم ایکشن لیں گے۔