بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاست دان راگھو چڈھا کی شادی کا کارڈ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور عام آدمی پارٹی کے رہنما راگھو چڈھا کی شادی رواں ماہ 24 ستمبر کو طے پائی ہے تاہم اب ان کی شادی کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔
وائرل شادی کے کارڈ میں درج ہے کہ دولہے کی سہرا بندی مشہور تاج لیک میں دوپہر ایک بجے ہوگی، دو بجے بارات جائے گی اور چار بجے شادی کے پھیرے لیے جائیں گے۔
پرینیتی چوپڑا کی رخصتی شام ساڑھے چھ بجے ہوگی جبکہ رات ساڑھے آٹھ بجے لیلا پیلس کے دربار میں ایک شاندار استقبالیہ دیا جائے گا۔
اداکارہ اپنے شوبز کام کو سمیٹ رہی ہیں تاکہ شادی سے قبل وقفہ لے سکیں جبکہ 30 ستمبر کو چندی گڑھ میں ایک شادی کا استقبالیہ بھی ترتیب دیا گیا ہے جس میں مشہور شخصیات شریک ہوں گی۔
وائرل شادی کارڈ سے متعلق راگھو چڈھا اور پرینیتی چوپڑا کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی دونوں نے کوئی شادی کا کارڈ شیئر کیا ہے۔
واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی منگنی کی تقریب 13 مئی کو نئی دلی میں ہوئی تھی جس میں کئی معروف بھارتی شخصیات نے شرکت کی تھی اور اب رواں ماہ کی 17 تاریخ سے ان کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا۔
جوڑے کی شادی 23 اور 24 ستمبر کو راجستھان کے شہر ادے پور کے ہوٹل لیلا پیلس اور ادایا ولاز میں ہوگی، یہ ایک عالیشان پنجابی شادی ہوگی جس میں سیاست سمیت بالی وڈ انڈسٹری کے تقریباً تمام افراد کو مدعو کیا جائے گا۔