کراچی : محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی ، بارش کا سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ بادل آج شام سے شہر کا رخ کرلیں گے، جس کے بعد شام اوررات تک گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیشگوئی کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دن میں معمول سے تیزہوائیں چلیں گی اور درجہ حرارت35سے37ڈگری سینٹی گریڈتک رہےگا۔
کراچی کے علاوہ درمیانی شدت کی مون سون ہوائیں مشرقی سندھ میں بھی داخل ہورہی ہیں، اور بدھ تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میر پورخاص، لاڑکانہ، دادو، سکھر اور سانگھڑ سمیت کئی اضلاع میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے
آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے جبکہ موسیٰ خیل، بارکھان، لسبیلہ، ژوب، قلات اور خضدار میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نےمون سون سسٹم کےتحت بارشوں کےاعدادوشمارجاری کردیے، جس کے مطابق سب سےزیادہ بارش ننگرپارکر میں 72 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، کلوئی میں 50 ملی میٹر،بدین میں 41 ملی میٹر،ڈیپلومیں 15 ملی میٹر، چھورمیں 12ملی میٹر،اسلام کوٹ میں 5 ملی میٹر ،چھاچھرو میں 2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔