اسلام آباد : نون لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے چیئرمین پی پی بلاول کے لیول پلیئنگ فیلڈ متاثر کرنے کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تو فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی، لیول کیسے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نون لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اتحادی حکومت میں 14ماہ عزت سے گزارے، میری خواہش ہے بطور اتحادی ہم الیکشن لڑیں، پیپلزپارٹی کیساتھ مل کر الیکشن لڑیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہماراحکومتی اتحاد کا تجربہ اچھا رہا، اچھاتعلق نہ ہوتاتوہم14دن بھی نہیں چل سکتےتھے، مستقبل میں بھی اچھا رہ سکتا ہے۔
بلاول کے لیول پلیئنگ فیلڈ متاثر کرنے کے الزام پر انھوں نے کہا کہ ابھی تو فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی، لیول کیسے ہوگا، الیکشن شیڈول آئے گا تو انتخابی مہم چلے گی پھر شکایت کا جواز ہوگا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ پی پی کی شکایت سے ہماراکوئی لینادینانہیں ہے، نگراں حکومت سےہماراکوئی تعلق نہیں ہے اور ن لیگ کانگراں حکومت میں کوئی عمل دخل نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بارے میں تاثر ہے وزیراعلیٰ پی پی سے پوچھے بغیرکچھ نہیں کرتے، سنا ہے سندھ میں بہت سے تعیناتیاں پیپلزپارٹی کی مرضی سے ہوئی ہیں۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے خواجہ آصف نے بتایا پی پی کا پنجاب سے متعلق جو اعتراض ہے یہ سنی سنائی باتیں ہوتی ہیں، پنجاب والی بات سندھ کے بارے میں بھی کہی جاسکتی ہے، بہت سی باتیں سنی سنائی ہوتی ہیں لیکن ان کا حقیقت سےتعلق نہیں ہوتا۔
سابق وزیر نے کہا کہ ساتھ چلنے کی آصف زرداری کی خواہش کااحترام کرتےہیں، ہماری بھی خواہش ہے، ہماری سیاست میں 90 کی دہائی میں تلخی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہے۔