لیبیا کے ساحلی شہر درنہ میں آنے والے خوفناک سیلاب نے ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلادیا، ریسکیو ادارے تاحال ملبے تلے اور سمندر سے لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں۔ایسے میں سیلاب کے بعد شہریوں کی زندگیاں بچانے والا ایک کتا مقبول ہوگیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق لیبیا میں شہریوں کی زندگیاں بچانے والے کتے نے عوام کے دل جیت لئے ہیں، شہریوں نے خوشی کے نعرے لگا کرآئیور کا استقبال کیا۔
لیبیا میں سیلاب کے بعد آئیور نے ملبے تلے دبے درجنوں افرادکی نشاندہی کی تھی، جن کی زندگیاں بچالی گئیں، اپنے کارنامے پر آئیور بھی خوش دکھائی دیا، بھونک بھونک کرلوگوں کے نعروں کا جواب دیتا رہا۔
واضح رہے کہ لیبیا کے ساحلی شہر درنہ میں آنے والے خوفناک سیلاب میں ہزاروں افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں، غمزدہ متاثرین کی مدد کے لیے بین الاقوامی امدادی کوششوں میں تیزی دیکھی گئی ہے۔
سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے کارکنان چہرے کے ماسک اور حفاظتی لباس پہنے ہوئے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف عمل ہیں۔
اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ صدمے کے شکار رہائشیوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، متاثرین کو صاف پانی، خوراک، رہائش اور بنیادی سامان کی اشد ضرورت ہے۔ تنہا درنہ شہر میں 30 ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہوچکے ہیں۔
روس، تیونس، فرانس، ایران، مالٹا، ترکی اور متحدہ عرب امارات سے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور امدادی سامان کو لیبیا پہنچایا جاچکا ہے، جبکہ متعدد دیگر یورپی اور عرب ممالک سے بھی امدادی سامان اور ٹیموں کو روانہ کردیا گیا ہے۔