انسان کیلئے قدرت کی بنائی گئی بے شمار نعمتوں میں بہت سے میوہ جات میں انجیر بھی شامل ہے جسے جنت کا پھل بھی کہا جاتا ہے، اس کے کئی ایسے طبی فوائد ہیں جسے جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے۔
دبلے پتلے اور کمزور افراد کے لیے یہ پھل قدرت کی انمول نعمت ہے۔ اس خشک میوے کا ذکر قدیم رومی اور یونانی تاریخ میں بھی ملتا ہے۔ اس زمانے میں اس خشک میوے کو بانجھ پن سے بچاؤ، خوش حالی، اور فراخی رزق کی علامت سمجھا جاتا تھا۔
آپ اسے چاہیں تو تازہ استعمال کرسکتے ہیں اور چاہیں تو خشک کرکے سال بھر کے لئے محفوظ کرسکتے ہیں۔ دونوں ہی صورتوں میں یہ مؤثر ہے۔ اس میں موجود پروٹین، معدنی اجزاء شکر، کیلشیم، فاسفورس، وٹامن اے اور سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں ہوتے ہیں۔
ان اجزاء کے پیش نظر انجیر ایک انتہائی مفید غذائی دوا کی حیثیت اختیار کر جاتی ہے، اس لیے عام کمزوری اور بخار میں بھی اس کا استعمال اچھے نتائج دیتا ہے۔
انجیر کا شمار عام اور مشہور پھلوں میں ہوتا ہے، انجیر کو بنگالی میں آنجیر، انگلش میں فِگ،عربی میں تین، یمنی میں بلس ، سنسکرت، ہندی، مرہٹی اور گجراتی میں انجیر اور پنجابی میں ہنجیر کہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس پھل کو صحیح طریقے سے کھانا بہت اہمیت رکھتا ہے۔ زیادہ تر لوگ ماہرین کی ہدایات کو مدِنظر نہ رکھتے ہوئے اسے استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے مکمل افادیت سے حاصل نہیں ہوتی۔
انجیر ہاضمہ بہتر بناتی ہے اگر بخار کی حالت میں مریض کا منہ بار بار خشک ہوجاتا ہو تو اس کا گودہ منہ میں رکھنے سے یہ تکلیف رفع ہو جاتی ہے۔ یہ گردے اور مثانے سے پتھری کو تحلیل کرکے نکال دیتی ہے۔ انجیر کو مغر بادام اور اخروٹ کے ساتھ ملا کر استعمال کریں تو یہ خطرناک زہروں سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔