کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز کا آج سے آغاز ہوگیا ہے نیوزی لینڈ کیخلاف گرین شرٹس کی بیٹنگ جاری ہے اور کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے نصف سنچریاں اسکور کر لیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کرکٹ کے سب سے بڑے میلے آئی سی سی ورلڈ کپ کا باضابطہ آغاز تو 5 اکتوبر سے بھارت میں ہوگا لیکن میگا ایونٹ سے قبل تمام ٹیموں کو اپنے ہتھیاروں کو جانچنے کے لیے آج سے وارم اپ میچز کا آغاز ہو گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں شریک ہر ٹیم دو دو میچز کھیلے گی۔
حیدرآباد دکن میں پاکستان اور نیوزی لینڈ مدمقابل ہیں۔ گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم دونوں اوپنر جلد ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ امام الحق صرف ایک رن بنا کر ہینری کا شکار بنے اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 6 رنز تھا جب کہ 46 کے مجموعی اسکور پر دوسرے اوپنر عبداللہ شفیق بھی ٹیم کو بیچ منجدھار میں چھوڑ کر 14 رنز کے انفرادی اسکور پر چلتے بنے۔ ان کی وکٹ مچل سینٹر نے حاصل کی۔
اس موقع پر کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے احتیاط کا دامن تھامتے ہوئے ٹیم کا اسکور آہستہ آہستہ بڑھایا۔ 18 اوور میں جب پاکستان ٹیم 80 کے مجموعے پر پہنچی تو بارش میدان میں برس پڑی جس کے باعث کھلاڑیوں کو پویلین میں پناہ لینی پڑی اور میچ روک دیا گیا ہے۔ بارش رکنے کے بعد کھلاڑی دوبارہ میدان میں آئے تو قومی بیٹرز نے رنز کی برسات کر دی۔
پاکستان کا مجموعی اسکور 160 پر پہنچا تو کپتان بابر اعظم مچل سینٹر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے انہوں نے 80 رنز اسکور کیے جب کہ رضوان کے ساتھ مل کر 114 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ محمد رضوان 56 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا کر دونوں ٹیمیں شائقین سے خالی اسٹیڈیم میں میچ کھیل رہی ہیں۔
قبل ازیں ٹاس جیتنے کے بعد قومی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ بہت سے کھلاڑی پہلی مرتبہ بھارت میں کھیل رہے ہیں، ہم یہاں کی کنڈیشنز کے مطابق کھیلیں گے اور وارم اپ میچز میں تمام 15 کھلاڑیوں کو آزمائیں گے۔
گوہاٹی میں کھیلے جا رہے دوسرے وارم اپ میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف 34 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنا لیے ہیں جب کہ ترواننت پورم میں جنوبی افریقہ اور افغانستان کے درمیان تیسرا وارم اپ میچ بارش کے باعث شروع ہی نہیں ہو سکا ہے۔