دہی کھانے سے انسانی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، لیکن دہی کے کچھ فوائد ایسے بھی ہیں جنہیں شاید آپ نہیں جانتے ہوں۔
ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اگر آپ جسمانی طور پر فٹ رہنا چاہتے ہیں لیکن آپ کے پاس ورزش کرنے کا وقت نہیں تو دہی کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرکے آپ اپنے مقاصد کو حاصل کرسکتے ہیں۔
دہی کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے، اور اسے سپر فوڈ بھی سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کے استعمال سے آپ کی صحت پر حیران کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین کی جانب سے ہر عمر کے افراد کو بہتر صحت کے لیے روزانہ دہی استعمال کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
دہی میں دیگر ضروری غذائی اجزا جیسے پروٹین بھی بڑی مقدار میں ہوتے ہیں جو کہ انسانی پٹھوں کی نشوونما کے لیے بہت فائدہ مند ہیں جبکہ دہی میں چکنائی اور کیلوریز بہت کم ہوتی ہیں، کیونکہ ایک کپ دہی میں صرف 120 کیلوریز ہوتی ہیں۔
ہزاروں اچھے بیکٹریا کے ساتھ 100 گرام دہی میں 59 کیلوریز، 0.4 فیصد چکنائی، 5 ملی گرام کولیسٹرول، 36 ملی گرام سوڈیم، 141 ملی گرام پوٹاشیم، 3.2 گرام شوگر، 11 فیصد کیلشیم، 13 فیصد وٹامن، 5 فیصد کوبالا ہوتا ہے۔ B6O میں 2% میگنیشیم ہوتا ہے۔
رائتہ استعمال کرنے، دہی کھانے، یا اس سے بنی نمکین یا میٹھی لسی پینے سے انسان کو زیادہ دیر تک بھوک کا احساس نہیں ہوتا اور جسمانی طور پر بہت زیادہ سکون محسوس ہوتا ہے۔ دہی میں ٹھنڈک کا اثر ہوتا ہے اس لیے گرمیوں اور روزے میں اس کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔
دہی کا باقاعدہ طور پر استعمال کرنے سے آسٹیوپوروسس اور آرتھرائٹس جیسی بیماریوں کا خطرہ بھی معدوم ہوجاتا ہے، اس کے علاوہ کیلشیم اور فاسفورس ہڈیوں اور دانتوں کے لیے بہت ضروری ہیں، دہی میں موجود کیلشیم اور فاسفورس کی وافر مقدار ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط بناتی ہے۔
غذائی ماہرین کہتے ہیں کہ ورزش کرنے والوں کے لیے دہی کو خراب مسلز کے علاج اور نشوونما کے لیے ضروری غذا سمجھا جاتا ہے، جو لوگ مطلوبہ صحت مند وزن کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں انہیں روزانہ کی بنیاد پر ایک کپ دہی استعمال کرنا چاہئے۔
دہی کا استعمال دل کی صحت کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہے، یہی وجہ ہے کہ غذائیت کے ماہرین خاص طور پر ایسے مریضوں کے لیے جو دل کے امراض میں مبتلا ہیں، اس کا مشورہ دیتے ہیں، دہی کو دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے بہترین غذا تصور کیا جاتا ہے۔
دہی جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو متوازن سطح تک بڑھاتا ہے اور ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں سے بھی نجات فراہم کرتا ہے۔