مشرق وسطی پر بڑی جنگ کے سائے منڈلانے لگے، اسرائیلی جنونیت نے عالمی امن کو داؤ پر لگادیا، اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر بڑے زمینی حملے کی تیاری کرلی گئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر بڑے زمینی حملے کی تیاری کرلی ہے، اسرائیلی صیہونی وزیر کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے فوج کو لائسنس ٹو کل دیدیا ہے، انہوں نے کہا کہ جنگ کے ختم ہونے کے بعد غزہ چھوٹا ہو جائے گا۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کے شمال میں موجود فلسطینی جنوب کی طرف چلے جائیں، شمالی غزہ میں اہم فوجی سرگرمیاں ہونے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے شہری دس بجے سے دوپہر دو بجے تک باہر جا سکتے ہیں اس دوران اسرائیل کی فوج انھیں نشانہ نہیں بنائے گی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے یرغمال بنائے جانے والے ایک سو چھبیس اسرائیلیوں کو غزہ میں رکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے آپریشن کے دوران اب تک 286 صہیونی فوجیوں سمیت 1300 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔