آسٹریلوی ٹیم کے اوپنر بیٹر ڈیوڈ وارنر کی گراؤنڈ اسٹاف کی مدد کرننے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
لکھنؤ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 43.3 اوورز میں 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
کوشل پریرا نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، پتھن نسانکا 61 رنزکے ساتھ نمایاں رہے۔
چرتھ اسالنکا 25 رنز بنا کر گلین میکسویل کو وکٹ دے بیٹھے، کوشل مینڈس 9، سمرا وکرما 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دھنن جیا ڈی سلوا 7 رنز پر اسٹارک کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے دو، دو اور گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تاہم میچ میں بارش کی آنکھ مچولی جاری رہی جس کے سبب گراؤنڈ اسٹاف پچ پر کور ڈھکنے پہنچے تو باؤنڈری پر فیلڈنگ کررہے ڈیوڈ وارنر بھی ان کی مدد کو آگئے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وارنر گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ کور تھامے بھاگ رہے ہیں۔
شائقین کرکٹ کی ٹیم جانب سے ڈیوڈ وارنر کے اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے، واضح رہے کہ اس سے قبل ایشیا کپ میں فخر زمان نے بھی گراؤنڈ اسٹاف کی مدد کی تھی۔