کراچی: شہر قائد میں حب کے راستے اسمگلنگ میں پولیس اہلکار بھی ملوث نکلا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی نے پولیس اہلکار ثمر کو معطل کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار پر حب ریور روڈ سے چھالیہ اسمگلنگ کرنے کا الزام ہے، معطل اہلکار ثمر اتحاد ٹاؤن تھانے میں تعینات تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار پر گاڑی میں چھالیہ چھپا کر اسمگلنگ کرنے کا الزام ہے، اہلکار کے خلاف اے ایس پی کیماڑی انکوائری کررہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکار کیخلاف متعدد شکایات موجود ہیں، اہلکار کو اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی شکایات پر معطل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے دو روز قبل اہلکار ثمر کو گاڑی سمیت حراست میں لیا تھا، اہلکار کی کار سے پانچ بورے چھالیہ برآمد ہوئی تھیں۔