پونے: ورلڈ کپ کے 30ویں میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو باآسانی 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
پونے میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 242 رنز کا ہدف افغانستان نے 45.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
رحمت شاہ نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ابراہیم زدران 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، رحمان اللہ گرباز کو مدھوشنکا نے صفر پر پویلین روانہ کیا۔
کپتان حشمت اللہ شاہدی 58 اور عظمت اللہ عمرزئی 73 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں، کسون راجیتھا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم 49.3 اوورز میں 241 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور افغانستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دیا تھا۔
View this post on Instagram
اوپننگ بیٹر پاتھم نسانکا 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، کوشل مینڈس نے 39 رنز کی اننگز کھیلی، تھکشانا 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مجیب الرحمان نے دو اور راشد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
View this post on Instagram
اس سے قبل افغان کپتان حشمت اللہ شاہدی نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ کوشش کریں گے کہ مثبت کرکٹ کھیلیں اور فتح حاصل کریں۔ آج کے میچ میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور فضل حق فاروقی کی واپسی ہوئی ہے۔
View this post on Instagram
سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے مسلسل تیسرا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
رواں ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں نے اب تک پانچ پانچ میچز کھیل کر دو دو میچز جیت رکھے ہیں اور آج کی فاتح ٹیم 6 پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے اپنے امکانات کو بڑھا لے گی۔
View this post on Instagram
افغانستان کے انگلینڈ اور پاکستان جیسی بڑی ٹیموں کو ہرانے کے بعد حوصلے بلند ہیں تو سری لنکا مسلسل دو میچز میں نیدر لینڈ کے بعد دفاعی چیمپئن کو آؤٹ کلاس کیا ہے۔
ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں سری لنکا کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 11 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے 7 میں سری لنکا نے فتح حاصل کی ہے جب کہ افغان ٹیم نے 3 میچوں میں میدان مارا ہے۔
ورلڈ کپ میں اب تک دونوں ٹیمیں دو بار ہی ٹکرائی ہیں اور ہر بار کامیابی نے سری لنکا کے قدم چومے ہیں۔
آج کے میچ کے لیے ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔
سری لنکا:
کوشل مینڈس (کپتان)، پتھم نسانکا، ڈیموتھ کرونارتنے، سدیرا سمارا ویرا، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، انجیلو میتھیوز، مہیش تھکشانا، کاسون راجیتھا، دشمانتھا چمیرا، دلشان مدھوشانکے۔
افغانستان:
حشمت اللہ شاہدی (کپتان)، رحمت اللہ گرباز، ابراہیم زردان، رحمت شاہ، عظمت اللہ عمر زنئی، اکرم علی خیل، محمد نبی، راشد خان، مجیب الرحمان، نجیب الحق اور فضل حق فاروقی۔