بھارتی بیٹر کے ایل راہول نے ورلڈکپ میں اب تک اپنی ٹیم کو درپیش صورتحال کے لحاظ سے کافی بہترین بلے بازی کی ہے، تاہم ایک وقت تھا وہ گراؤنڈ کے شور سے گھبرا جاتے تھے۔
کرناٹک سے تعلق رکھنے والے بیٹر نے باہر کے شور سے لڑنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے انجری کے باعث ملنے والے وقفے کے دوران شور کے حوالے سے اپنی ذہنی حالت کو بہتراورمضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی۔
راہول نے کہا کہ میں نے اس سلسلے میں کافی کوششیں کی ہیں، میں اسے حل کرنا چاہتا تھا۔ کافی دنوں تک میں یہ سمجھتا رہا کہ باہر کا شور مجھ پر اثرانداز نہیں ہوگا لیکن پچھلے ایک سال میں اس کا مجھ پر اثر ہونا شروع ہو گیا تھا۔
انھوں نے کہا کہ مجھے احساس ہوا کہ شور کے اثر سے نکلنے کے لیے مجھے اس پر کام کرنا پڑے گا۔ اور جب مجھے وقت ملا، میں نے اس صورتحال کو بہتر کرنے کی کوشش کی –
بھارتی بیٹر نے کہا کہ گراؤنڈ میں ذہنی طور پر آپ کو بہت زیادہ مضبوط ہونا پڑتا ہے، آپ کو اپنی کھال موٹی بنانا پڑتی ہے۔ کرکٹ سے دور رہنے کے دوران مجھے اس چیز کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
واضح رہے 31 سالہ بیٹر ایشیا کپ 2023 کے لیے ہندوستانی ٹیم میں واپس آنے سے پہلے چار ماہ تک باہر تھے۔ انجری سے واپسی کے بعد راہول بہترین فارم میں ہیں، انھوں نے صرف 10 ون ڈے اننگز میں 96.40 کی اوسط سے 482 رنز بنائے ہیں۔