اسلام آباد : سعودی عرب کی وافی انرجی کمپنی نے شیل پٹرولیم کمپنی پاکستان کے تمام شیئرخرید لئے، شیل پٹرولیم کمپنی کے 77.42 فیصد شیئرز شیل پاکستان میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وافی انرجی کمپنی نے پاکستانی میں بڑی سرمایہ کاری کردی اور شیل پٹرولیم کمپنی پاکستان کے تمام شیئرخرید لئے۔
اس حوالے سے شیل پاکستان کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شیل پٹرولیم کمپنی کے 31 اکتوبر کو تمام شیئرز وافی انرجی کو فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، شیل پٹرولیم کمپنی کے شیل پاکستان لمیٹڈ میں 77.42 فیصد شیئرز ہیں۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ وافی انرجی سعودی عرب میں فیول اسٹیشن نیٹ ورک مہارت سے چلا رہی ہے اور اس کے پاس سعودی عرب میں شیل ریٹیل کا لائسنس بھی ہے۔
یاد رہے امریکی کمپنی شیل پٹرولیم نے پاکستان سے جانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شیئر فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا ،اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ امریکی کمپنی شیل پیٹرولیم کے شیل پاکستان میں شیئرز ہیں، کمپنی کے شیئر فروخت ٹارگٹ سیلز کے عمل سے مشروط ہوگی۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ امریکی کمپنی شیل کےشیئر فروخت کا اطلاق ریگولیٹری منظوریوں کےبعد ہوگا تاہم شیئر فروخت کے عمل سے شیل پاکستان کے بزنس پر اثرنہیں ہو گا۔