موسموں کے بدلنے کے سبب انسانی جسم پر اس کے نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس سے براہ راست جلد متاثر ہوتی ہے، خاص طور پر حساس جلد کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جلد پر خشکی یا کھال پٹھنے کی شکایات سے بچنے کیلئے اگر کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں تو موسم سرما کو صحت مند طریقے سے گزارا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈرما ٹولوجسٹ ڈاکٹر عائشہ حمیرا نے ناظرین کو اس پریشانی سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور علاج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر موسم کی تبدیلی کے دنوں میں دن میں گرمی اور رات میں ٹھنڈک ہوتی ہے ایسے میں جلد کو موئسچرائز کرنے کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے باڈی لوشن یا کریم میں چند وٹامن ای کیپسول کا محلول شامل کرنے سے جلد دیر تک نرم وملائم رہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سرد موسم میں جلد پر توجہ دینا بہت ضروری ہے اور ویسے بھی جلد کی حفاظت کیلئے پورا سال موئسچرائزر کا استعمال بھی ضروری ہے جس کیلئے پیٹرولیم جیلی بھی فائد مند ہے۔
ڈاکٹر عائشہ نے کہا کہ ایلو ویرا کا استعمال بھی اچھے نتائج دیتا ہے ایلو ویرا جیل ہر طرح کی جلد اور ہر موسم کے لئے یکساں مفید ہوتا ہے جیسے ہی موسم تبدیل ہونا شروع ہوں دن میں ایک دفعہ ایلو ویرا جیل چہرے پر ضرور لگائیں۔
اس کے علاوہ ہاتھ منہ دھونے یا نہانے کیلئے نیم گرم پانی استعمال کریں، عام طور پر یہ وہم کیا جاتا ہے کہ سردی کا موسم ہی بیماریوں کی وجہ ہے جبکہ ایسا نہیں، انسان ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے بیمار نہیں ہوتا بلکہ مخصوص جراثیم ہوتے ہیں جو صرف ٹھنڈ میں ہی نشونما پاتے ہیں اور موسم سرما آتے ہی یہ فعال ہوجاتے ہیں۔