بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

اگر نیوزی لینڈ اگلا میچ جیتا تو پاکستان کو انگلینڈ سے کیسے جیتنا ہوگا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ورلڈ کپ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر اپنے امکانات قائم رکھے ہیں تاہم گرین شرٹس کیلیے اگر مگر کی کہانی اب بھی موجود ہے۔

بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں میزبان انڈیا اور جنوبی افریقہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا 10 پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ نیوزی لینڈ، پاکستان اور افغانستان کے 8، 8 پوائنٹس ہیں لیکن رن ریٹ کے فرق کی وجہ سے وہ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں اور آج تک کی پوزیشن کے مطابق ان میں سے کوئی بھی دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں جا سکتی ہیں۔

پاکستان کو سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے اپنا آخری میچ انگلینڈ سے جیتنا لازمی ہے تاہم اس کے بعد بھی دیگر ٹیموں کے نتائج اور رن ریٹ پر معاملہ آ سکتا ہے۔

اگر آسٹریلیا اپنے اگلے دونوں میچز جیت لے، نیوزی لینڈ کو سری لنکا شکست دے دے، افغانستان اپنے دو میں سے کم از کم ایک میچ ہار جائے تو پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل کھیلنے والی چوتھی ٹیم ہوگی تاہم اگر کیویز نے سری لنکا کو شکست دے دی تو پھر پاکستان کو انگلینڈ کو صرف شکست نہیں بلکہ بھاری مارجن سے ہرانا ہوگا۔ تاکہ رن ریٹ میں وہ نیوزی لینڈ سے اوپر آ سکے۔

سوشل میڈیا پر ایک چارٹ گردش کر رہا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اگر نیوزی لینڈ پہلے بیٹنگ کرتا ہے اور سری لنکا کو ایک رنز سے شکست دیتا ہے تو پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 131 رنز سے جیتنا یا 28 اوورز میں دیا گیا ہدف حاصل کرنا ہوگا۔

اسی طرح اگر کیویز آئی لینڈرز کو 25 رنز سے زیر کرتے ہیں تو پاکستان کو انگلش ٹیم کے خلاف 154 رنز سے فتحیاب یا دیا گیا ہدف 25 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔ اگر نیوزی لینڈ سے سری لنکا کی شکست کا مارجن 50 رنز ہوا تو پاکستان کو 177 رنز یا ہدف تک 21 اوورز میں پہنچنا ہوگا جب کہ اگر یہ فتح 100 رنز سے نیوزی لینڈ کے نام رہی تو پاکستان کو 225 رنز یا ہدف 14 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا۔

اگر نیوزی لینڈ سری لنکا کے خلاف ہدف کے تعاقب میں جاتا ہے اور 35 اوورز میں جیت جاتا ہے تو پاکستان کو 225 رنز یا 14 ویں اوور میں ہدف کا حصول ممکن بنانا ہوگا۔

کیویز کو جیت 40 ویں اوور میں ملتی ہے تو گرین شرٹس کو انگلش ٹیم کے خلاف 193 رنز سے میچ جیتنا یا ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرنا ہوگا۔

بلیک کیپس یہ ہدف 45 ویں اوور میں حاصل کرتے ہیں تو پاکستان کو لازمی 160 رنز یا 23 ویں اوور میں فتح درکار ہوگی۔ اگر نیوزی لینڈ 49 ویں اوور میں جیت اپنے نام کرتے ہیں تو پاکستان کو 137 رنز یا 27 اوورز میں ہدف کا حصول ممکن بنانا ہوگا۔

بظاہر یہ صورتحال مشکل لگتی ہے تاہم گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی نا قابل فراموش کارکردگی دیکھتے ہوئے ناممکن نہیں لگتی۔

دوسری جانب سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے میچ میں بارش کا بھی قوی امکان ہے۔ اگر آئی لینڈرز کیویز کو اپ سیٹ شکست دیتے ہیں یا بارش کی وجہ سے میچ نہیں ہو پاتا تو پھر پاکستان کو اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے صرف انگلینڈ کو شکست دینا ہوگی چاہے مارجن کچھ بھی ہو۔

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں