لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف آئندہ انتخابات میں ضمنی نہیں بلکہ جنرل الیکشن لڑیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی قانونی رکاوٹ نہیں، وہ آئندہ انتخابات میں جنرل الیکشن لڑیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف جلد چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کریں گے، وہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف قائد ہیں اور رہیں گے، شہباز شریف پارٹی صدر رہیں گے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ آصف زرداری کو حق حاصل ہے کہ وہ لاہور کے وزیراعظم کا راستہ روکیں، ان کا حق ہے کہ لاڑکانہ کے وزیراعظم کی راہ ہموار کریں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معیشت کے لیے مائنس 9 مئی پی ٹی آئی والوں سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فرح بی بی کرپشن دو جمع دو والا معاملہ ہے پہلے بھی ثبوت عوام کے سامنے رکھے، 60 ارب روپے کی رقم پاکستان بھجوائی اور پراپرٹی کی 7 ارب روپے 400 کنال کی تھی اس ثبوت کی کبھی تردید نہیں ہوئی۔