فلوریڈا: چھپکلی اور مینڈک کو دیکھ کر خواتین کا جو رد عمل ہوتا ہے، اس کے بارے میں عام طور سے ہم سبھی جانتے ہیں، لیکن امریکی ریاست فلوریڈا کی ایک خاتون کے گھر کی کھڑکی پر تو کئی چھپکلیوں اور ٹری فراگ نے قبضہ جما لیا ہے، پھر بھی خاتون نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں فلوریڈا کے علاقے پورٹ سینٹ لوسی کی ایک رہائشی خاتون جیسیکا شریک کے گھر کی کھڑکی کا منظر نمایاں ہے، جہاں متعدد چھپکلیوں اور ایک ہرے رنگ کے مینڈک نے ’قبضہ‘ جمایا ہوا ہے۔
جیسیکا نے جب گھر کی کھڑکی پر چھپکلیوں اور مینڈک کو عجیب طرح سے دیکھا تو حیران رہ گئیں، اور پھر خوشی کا اظہار کر کے اس کی ویڈیو بھی بنا لی، خاتون کا کہنا تھا کہ دراصل رات کے وقت گرم پناہ گاہ کی تلاش میں یہ چھپکلیاں اور مینڈک اس کھڑکی پر آ کر چپک جاتے ہیں۔
اتوار کی رات کو جیسیکا شریک نے گھر کی دو کھڑکیوں پر 13 عدد چھپکلیاں چپکی ہوئی پائیں، اور وہاں ایک سبز رنگ کا مینڈک بھی تھا، جنھیں دیکھ کر خاتون ڈرنے کی بجائے بہت خوش ہو گئی تھیں۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ دن کے وقت یہ چھپکلیاں اور مینڈک کہیں چلے جاتے ہیں اور شام کو لوٹ آتے ہیں۔