رواں ورلڈ کپ کے دوران غیر ملکی میڈیا کی جانب سے پہلے سیمی فائنل کی پچ تبدیل کرنے کے دعوے پر آسٹریلوی کپتان کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوران غیر ملکی میڈیا کی جانب سے میزبان انڈیا اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلے سیمی فائنل کی پچ تبدیل کرنے کے دعوے سے پیدا ہونے والے تنازع پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
ایک بھارتی چینل کے مطابق کینگرو پیٹ کمنز نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں آئی سی سی پر اعتماد ہے اور ان کی ٹیم کو اس ٹورنامنٹ کے دوران کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
پیٹ کمنز نے کہا کہ میں نے پچ تبدیلی کے حوالے سے خبر دیکھی ہے لیکن آئی سی سی کے پاس آزاد پِچ کیوریٹر ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ پِچ کے معاملے میں دونوں ٹیموں کے حق میں شفافیت برقرار رکھیں گے۔
واضح رہے کہ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں نیوزی کے لینڈ کے ساتھ انڈیا کے سیمی فائنل سے چند گھنٹے قبل برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت نے اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے پچ کو اپنے حق میں تبدیل کر دیا ہے۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا تھا کہ اگر انڈیا فائنل میں پہنچ گیا تو یہ میچ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم کی سلو پِچ پر کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی کے ضوابط کے مطابق میزبان بورڈ پِچ کے انتخاب اور اس کی تیاری کا ذمے دار ہوتا ہے اور یہ کہ فائنل میں پہنچنے والی ٹیم کو نئی پچ پر کھلانا ضروری نہیں ہے۔
آج آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والا سیمی فائنل ایڈن گارڈنز کی استعمال شدہ پِچ پر ہو گا۔ یہ وہی پِچ ہے جس پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ ہوا تھا۔
سیمی فائنل کی پِچ کے حوالے سے ابھی تک آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے کوئی شکایت نہیں کی کیونکہ دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل پِچ کا جائزہ لے لیا ہے۔